گذشتہ سے پیوستہ
نا اُمیدی بہرحال ناشُکری ہے حالات کیسے ہی دگرگُوں کیوں نہ ہوں ۔ اللہ کریم نے فرمایا ہے "لا تقنطو من رحمت اللہ" ۔اور روزنِ رحمت کھلتا ہے شاہِ مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم کے درِ اقدس پر جانے سے، اُن کی سیرتِ پاک کو اپنانے سے،ان کا دیا ہوا ہر حکم بجا لانے سے، وہ جو دیں اسے لینے سے اور جس سے وہ منع فرمائیں اس سے رک جانے سے کیونکہ یہی منشاے خدا وندی ہے۔ “جو یہاں نہیں تو وہاں نہیں”۔
ذات کی نفی ضروری صرف اللہ کریم کی ذات مقدم اور اس کے صریح احکامات بذریعہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہم تک پہنچ چکے، ایسے پکے کہ جن میں کوی تحریف، ترمیم ممکن ہی نہیں، حفاظت کا ذمہ خود احکام بھیجنے والے نے اُٹھا لیا ۔ وہی حکمنامہ اعلان کر رہا ہے کہ اللہ نے زندگی گذارنے کا طریقہ بھی مکمل کر دیا اور تعمتیں بھی تمام ۔
دوسروں کے لئے “رحم” بن جاو، رحیم و رحمن رب کے حضور بوساطتِ رسولِ کریم مقبول ہو جاو گے۔
بارہوں صدی عیسوی کے مشہور اسلامی مفکر ابوبکر محمد ابنِ طفیل (جن کی کتابیں اور ملفوظات آج بھی مشرق ومغرب میں زیر تحقیق و تشریح ہیں) نے ایک دن انتہای سرشاری سے لوگوں کو پکار کر کہا :
"لوگو آج میں نے وہ راز پا لیا جسے اپنا کر انسانی معاشرہ ہمیشہ کے لئے خوش و خرم رہ سکتا ہے اور وہ ہے”۔
'سب کچھ دوسروں کے لئے'
کیونکہ کائنات کی ہر چیز دوسروں کے لئے ہے ۔۔
درخت اپنا پھل خود نہیں کھاتا
دریا اپنا پانی خود نہیں پیتا
بہاریں دوسروں کا دل لبھاتی ہیں
برساتیں دوسروں کو سیراب کرتی ہیں ۔
ذات کے چنگل سے باہر نکل لو تو امن ہی امن ، خوشیاں ہی خوشیاں"۔
لیکن بد قسمتی اپنے یہاں ہل من مزید کی گردان ختم ہی ہوتی ۔۔
کلہوٹے بھر گئے ۔۔ لیکن دل نہیں بھرے۔۔
لوٹ لو کچھ بھی نہ چھوڑو ۔۔،
اور پھر چل بسو یزدانی پیشگی کے لئے ۔۔۔
زندگی تیرے تعاقب میں ہم
اتنا چلتے ہیں کہ مر جاتے ہیں
ضروری ہے کہ:-
نفرتیں بونی بند کی جائیں، محبتیں کاشت کی جائیں، تاکہ اُلفت کے پھول کھلیں۔
کینہ نہیں سکینہ ۔۔۔ معاشرہ سسک رہا ہے سکون کے لیے۔
انتقام نہیں - عفو و در گذر، یہی صفت خدا وندی ہے اور سیرتِ نبوی ہے۔
بے انصافی نہیں ۔۔۔ انصاف
بد دیانتی نہیں ۔۔ امانت و دیانت
ہوسِِ اقتدار نہیں، بے لوثیِ عمر رض کی پیروی۔
معمولات و معاملات کو صراطِ مستقیم چاہییے۔
روشنیوں والے سارے روزن وا ہو جائیں گے انشاء اللہ۔
اللہ کریم ہمیں " تتفکرون و تعملون" کی صفات سے نواز دے۔
آمین۔
Akhtar N Janjua
http://anjanjua.blogspot.com
https://twitter.com/IbneNawaz
No comments:
Post a Comment