سلام ۔ ۔ ۔
مندرجہ ذیل دو شعر اُن ہستیوں کی نذر جن کی اپنوں کے لیے کی گئ دعا اللہ کریم قبول فرماتا ہے:۔
ابھی زندہ ہے ماں میری مجھے کچھ بھی نہیں ہوگا
میں گھر سے جب نکلتا ہوں دعا بھی ساتھ چلتی ہے
اور
دعا کو ہاتھ اُٹھاتے ہوے لرزتا ہوں
کبھی دعا نہیں مانگی تھی ماں کے ہوتے ہوے
اے پروردگارِ عالم، واحد و یکتا، ولی و ناصر ، ہم سب والدین کے لئے دعا کرتےہیں، اُن کی مغفرت کی، اُن کی دعاوں صدقے ہمیں:۔
حسنات کی توفیق دے کہ ہم اُن کی موجودگی میں اُن کے قلب و روح کی ٹھنڈک کا سبب ہوں اور ان کی رحلت کے بعد صدقہِ جاریہ ۔
عطا فرما ایسی زباں جو ہمیشہ تیری تسبیح و تعریف میں رطب اللساں ہو، حق پر رواں ہو، تیری اور تیرے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کی ثنا خواں ہو۔
ایسی فکر دے جو تیرے ذکر سے مزین ہو، نمود و نمائش سے بَری اور ریاکاری سے پاک ہو۔
ایسی بصیرت سے نواز جو تیری تخلیق کردہ کائنات کے رازوں کو جاننے کی سعی اور اُن کی متحمل ہو سکے۔
وہ حسیات دے جو تیرے رحمتوں کا ادراک کر سکیں۔
وہ قناعت دے جو عسرت میں بھی شکر گزاری کی طرف مائل رکھے اور کثرت میں بھی۔
وہ فطری موزونیت دے جو ہر حال میں تقوی کی علمبردار ہو اور صراطِ مستقیم پر اُستوار ہو۔
وہ توفیق دے جو معمولات و معاملات میں تیری وضع کردہ حدود و قیود پر کاربند رہے۔
صدقِ صدیق، عدلِ عمر، حیاءِعثمان، علمِ علی، حلمِ حسن، یقینِ حسین، وفاءِ سمیہ، استقامتِ بلال، تسلیم ِ خبیب جستجوے سلمان، فقرِ ابوذر، عشقِ رسول اور حبِ اُم اویس قرنی ہمارا سرمایہِ حیات بنادے دنیا میں اور ذریعہ نجات بنا دے آخرت میں۔
اللہ کریم جو جا چکے اُن کی مغفرت فرما، جو موجود اُن کو ایمانِ محکم اور یقینِ کامل سے نواز اور جو آنے ہیں انھیں صراطِ مستقیم پر مقیم پیدا فرما دے ۔ ٓ
بے حد و حساب درود و سلام طحی و یاسین، سید المرسلین، رحمتہ العالمین، خاتم النبیین محمد صلی اللہ علیہ پر، آپ کی آل پر، اہلِ بیت پر، ازواجِ مطہرات پر، اولاد پر، خلفا پر، اصحاب پراور آپ کے جملہ اطاعت گذاروں پر خواہ وہ زمین پر ہوں یا آسمانوں پر۔
آمین
AKHTAR N JANJUA
http://anjanjua.blogspot.com
http://www.facebook.com/akhtar.janjua
https://twitter.com/IbneNawaz
https://www.pinterest.com/akhtarjanjua/
https://www.linkedin.com/in/akhtar-janjua-90373825/
1 comment:
Sum Aameen
Post a Comment