REFLECTION
10:58 AM
بنامِ قائدِ اعظم ۔ ۔ ۔
سلام و دعا ۔ ۔ ۔
کل پچیس دسمبر تھا، قائدِ اعظم رحمتہ اللہ کا یومِ پیدائش۔ میں نے ایک عرضی نامہ انھیں لکھا جو یقیننا انھیں مل گیا ہو گا۔ سوچا دوستوں کو بھی شامل کر لوں۔
عظیم قائد "ویکھ آ کے ہیر اپنی وارثا" کے مصداق آپ کے پاکستان میں کیا ہو رہا ہے، دیکھ رہے ہیں آپ؟
ناخلفوں، ناشکروں، لٹیروں، غنڈوں، بدمعاشوں، فرقہ پرستوں، جنسی درندوں، دہشت
گردوں نے کیا حشر کر دیا ہے آپ کے پاکستان کا ۔
یہاں معصوم بچے، بچیوں کو دن دیہاڈے جنسی درندگی کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا جاتا ہے۔ نہ جانیں کتنی ذینب اللہ کریم کے حضور استغاثہ کر چکی ہیں ، حکمرانوں، قاضیوں، کوتوالوں، رکھوالوں اور مجبور و مقہور وطن باسیوں کے خلاف۔
عزت۔جان۔مال۔ایمان سب کچھ داو پر ہے یہاں۔
ڈولتی نیا اور بلا خیز طوفان، کِھویئے انجان اور حیران، بیچ منجدھار اور چار سُو ہیجان۔
بے ایمان اشرافیہ، بے بس رعایا، بے حس عمال، لاٹھی والے کی بھینس دیس میں ہو یا بدیس میں (دولت ہو، جائداد ہو یا ایک سو چالیس ملین پونڈ سٹرلنگ ہوں)۔
قانون غریب و مجبور کے لئے ، رعائتیں، ضمانتیں، علاج اور پرواز سب لاٹھی والوں کے لئے۔
انصاف صرف آسمانوں پر ۔
اخلاقیات پاتال میں۔
معاشرہ منقسم، اور خوف زدہ ۔
نظام امیرپرور اور عوام مار ۔
دشمن مکار اور وار پر ہر دم تیار ۔
آپ نے جسے شہہ رگ کہا تھا، زخموں سے چُور۔بلکتی بچیاں، غائب ہوتے ہوے بچے، سلگتے بزرگ، ہر طرف دھواں اور بارود، اور صحرای نو دولتیے ہٹلر کے گلے میں تمغے سجاتے ہوے، مندر بناتے ہوے۔
کیونکہ اُمتی مرکز ناپختہ بدیسی غلاموں کے چنگل میں تعلیماتِ الہیہ سے کوسوں دور۔ خود بھی لاچار اور دوسروں کو بھی کریں مجبور۔
اور اپنے یہاں درویش بھی عیار اور سلطان بھی عیار ۔
نا خلفوں نے ایسے طریقے اپناے، لوٹنے کے، ڈبونے کے کہ پناہِ خدا ۔ ۔ ۔کچھ بھی کہیں بھی کبھی بھی ۔ ۔ ۔ جو ہاتھ لگا ہڑپ کر لیا۔اتحاد کی جگہ نفرتوں کے بیج بوے، ایمان سکوں کی بھینٹ اور تنظیم کی جگہ بے نظمی، بدعنوانی اور بد اطواری کے جھاڑ اگاے۔عقاب کی جگہ زاغ لے لیں تو اور ہو بھی کیا سکتا ہے
سالگرہ بھی منایئے اور دعا بھی فرمائیے کہ دل بھی پھریں اور دن بھی، اور ایسا ہو جاے کہ خدا سے حیا ہو، نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے وفا ہو، حلم وصدقِ صدیق ہو، دیانت و عدلِ فاروق ہو، حیا وسخاوتِ عثمان ہو اور علم و شجاعتِ شیرِ یزداں ہو۔
آمین۔
AKHTAR N JANJUA
خدا نے آج تک اُس قوم کی حالت نہیں بدلی
نہ ہو جس کو خیال آپ اپنی حالت کے بدلنے کا
AKHTAR N JANJUA
http://anjanjua.blogspot.com
http://www.facebook.com/akhtar.janjua
https://twitter.com/IbneNawaz
http://www.facebook.com/akhtar.janjua
https://twitter.com/IbneNawaz
https://www.youtube.com/channel/UCcWozYlUgu-bkQU_YcPoxTg?view_as=subscriber
https://www.pinterest.com/akhtarjanjua
https://www.linkedin.com/in/akhtar-janjua-90373825
https://www.linkedin.com/in/akhtar-janjua-90373825