سلام اور دعائیں
ہر سال کی طرح آج بھی سولہ دسمبر پر کچھ لکھنا ہے، دل مان کے نہیں دے رہا، آج صبح فیس بک پر جو لکھا اسی کو تھوڑے سے اضافہ کے ساتھ یہاں لگا رہا ہوں ۔
سلام اے شافع محشرؐ !
اے خاصہِ خاصانِ رسُل وقتِ دعا ہے
امت پہ تیری آ کے عجب وقت پڑا ہے ۔۔۔
نہ جانے کتنے سولہ دسمبر آ کے گذر گئے، کتنی قیامتیں ٹوٹ پڑیں ۔ کتنے بدن چھلنی ہوے، ان گنت گھر ویران ہوے، لا تعداد گودیں اجڑ گیں ، کتنے معصوم درندگی کی نظر ہو گئے۔ نفرتوں کے پودے شجر بن گئے، ہم سفر دشمن ٹھرے، کچھ ابھی تک وفاوٴں کی سزا بھگت رہے ہیں ۔ محبتوں کے قلعے مسمار ہوے تو انسان بھیڑیئے بن گئے۔ ایک پاکستان ہی کیا سارا عالمِ اسلام جل رہا ہے اور رہنمایانِ امت جلانے والوں کے سامنے کورنش بجا رہے ہیں ۔
کدورتیں، تفرقہ، ہوسِ اقتدار و دولت، ضرورتِ جاہ و حشمت، ناانصافی، غیروں کی غلامی ، بے حسی، بے تدبیری، فقدانِ غور و فکر اور نفرت باہمی آج اُس امت کا طرہِ۶ امتیاز ہے جس نے دنیا کو مواخات،عدل، اخلاق، تدبر، دانش اور صلہ۶ رحمی کا درس دیا ۔۔ ۔۔۔۔
سکول میں زیر تعلیم مستقبل کو درندگی کچلتی ہے تو عبادت گاہوں میں عبادت گزاروں کو مسلتی ہے ، حکمران لُوٹتے ہیں، بھاگتے ہیں، لَوٹتے ہیں پھر ُلوٹتے ہیں ، یہی ان کا لہو گرم رکھنے کا انداز ہے، قاضی اشاروں کے منتظر اور کوتوال اپنی مجبوریوں کے بندھے ہوے، قوم مسیحاوں کی منتظر لیکن لاچارگی کا شکار اور بار بار لٹنے پر تیار۔
بنی اسرائیل جاگ اٹھی ۔۔۔۔ کیا اس امت کا وقت ابھی بھی نہیں آیا کہ یہ آپؐ کی سچی اتباع کرتے ہوے رجوع الی اللہ کر لے؟
اللہُ کریم رحم فرما بجاہِ طٰہ و یاسین، ساری امت رحمت العالمین پر، شہدا کے لواحقین پر، اور پاکستان کے ہر مکین پر۔ اور توفیق عطا فرما کہ ہم ہر "سولہ دسمبر" کو یاد رکھیں، سبق کے لیے، صبر کے لیے اور شکر کے لیے کیونکہ تیرا حکم ہے :
میرے ایام کو یاد رکھا کرو۔
اور ہم نے موسٰی کو اپنی نشانیوں کے ساتھ بھیجا کہ اپنی قوم کو ظلمتوں سے نور کی طرف نکال کر لائیں اور انہیں خدائی دنوں کی یاد دلائیں کہ بیشک اس میں تمام صبر کرنے والے اور شکر کرنے والے کے لئے بہت سی نشانیاں پائی جاتی ہیں ۔
ابراہیم : ۵
Akhtar N Janjua
https://www.facebook.com/akhtar.janjua
http://anjanjua.blogspot.com/
https://twitter.com/IbneNawaz
No comments:
Post a Comment