السلام علیکم و رحمتہ اللہ وبرکاتہ ۔۔۔
اللہ کریم نے فرمایا ہے، “انا مع العسر یسرا” ۔۔۔ تو یقینآ ہر *مشکل* کے بعد آسانی ہے۔
تاریخ کے اوراق میں پناہ لینے والا سال ہر لحاظ سے ایک مشکل سال تھا۔ وبا نے شدید ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ نا قابلِ تلافی نقصانبھی کیا۔ بہت سارے عزیز دوست راہیِ ملک عدم ہوے اور خطرہ ابھی موجود ہے۔ اقتصادی توازن جو پہلے ہی دگرگوں تھا مزید بگڑا۔ سماجی رویوں میں منفی رحجانات اپنانے پڑے ۔ مصافحہ، معانقہ عنقا ہوے۔عبادت گاہیں تک محفوظ نہ رہیں، جہاں کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کا حکم تھا وہاں چھ فٹ کا بعد ہوا۔ زمانہِ جدید میں انسانیت شاید ہی کبھی اتنی بے بس ہوی ہو جتنی اب ہے، لیکن اس کے باوجود انسانوں کا انسانوں کے ساتھ جبر و ستم جاری رہا۔ کشمیر سسکتا رہا اور فلسطین بلکتا رہا۔ حکمران بِکتے رہے اور بلوان بَکتے رہے ۔
دعا ہے کہ اس مشکل سال کے بعد نئے سال کے ساتھ آسانیاں طلوع ہوں۔ اللہ کی پناہ ہو اور معافیِ گناہ ہو، رفعِ وبا ہو۔ غفور الرحیم سے التجا ہے کہ جانے والے سال کی ساریابتلائیں اسی کے ساتھ تاریخ کا حصہ بن جائیں۔ کشمیر اور فلسطین آذاد ہوں۔ ضمیر جاگے اور ظلم بھاگے۔
نیا سال نئے خوابوں، نئی امیدوں، نئے ولولوں، کا نقیب ہو۔ نئے چیلنجز ہوں تو عزم بھی اتنا ہی پختہ ہو، کہ سرخروہونا ہے سرنگوں نہیں۔ اصلاح کرنی ہے، غلطیوں کا اعادہ نہیں کرنا ۔ ۔ ۔انفرادی اور اجتماعی طور پر۔
دعا ہے کہ نیا سال آپ کے لئے، آپ کے خاندان کے لئے، آپ کے احباب کے لئے، جمیع بنی نوع انسان کےلئے اپنے دامن میں لاے، خوشیاں، خوشحالی، امن، محبت، کامرانیاں، تعبیریں اور تعمیریں۔
سلامت رہیں آپ، آپ کا ایمان و ایقان اور ہم سب کا پیارا پاکستان جہاں امن، رواداری، مواخات اور برداشت کی آبیاریہو۔
آمین بجاہِ سید المرسلین، خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم۔
اختر نوازجنجوعہ
No comments:
Post a Comment