سلام، دعائیں اور آج کی مبارک رات مبارک ۔ ۔ ۔
آج وہ با برکت رات ہے جس سے تیسرے پارے کی پہلی آیت کی تفسیر رقم ہوئ، حضرتِ انسان کے اشرفُ المخلوقات ہونے پر مہر ثبت ہوئ اور جنابِ علامہ بے ساختہ پکار اُٹھے کہ ’عالمِ بشریت کی زد میں ہے گردوں‘۔
خاص دنوں کو جاننا، ماننا اور منانا زندہ قوموں کی نشانی ہے، اسی لیئے یہ شب پاکستان کے کونے کونے میں بڑے تزک و اختشام اور انتہائ ادب و احترام سے منائ جا رہی ہے۔ کہیں درودوں کے نذرانے ہیں تو کہیں دل موہ لینے والی نعتوں کے ترانے ہیں۔ کوئ شعلہ بیانی سے محفلوں کو گرما رہا ہے تو کوئ نوافل سے اپنے قلب کی مجلس کو سجا رہا ہے۔ ماشاء اللہ ماشاء اللہ۔
صبح کا سورج لیکن پہلے طرح ہی طلوع ہو گا، نہ انداز بدلے گا، نہ معمولات و معاملات میں کوئ فرق آے گا۔ رات کو اُسویِ حسنی کی باتیں رات کی بات ہو جائیں گی اور ایک بڑی اکثریت ’ہم اپنی وضع کیوں بدلیں‘ پر ہی رہے گی۔
زمانہ بھی اپنی ڈگر ہی چل رہا ہے اور ہم بھی اپنی دھن ہی میں مگن، بی بدل گئی ٹی سے یعنی بش بلیئر کی کہانی تو پرانی ہو گئی اب تو ٹرمپ اور ٹھریسا کا زمانہ ہے۔ عراق ختم ہوا اور دوسرے بہت سارے انجام کو پہنچے، اب وقتِ شام ہے اور پھر نہ جانے کس کی شبِ ظلمات آنی والی ہے؟ کشمیر خون خون ہو یا فلسطین لہو لہان کون پوچھتا ہے اور کس کو سوچنے کی فرصت ہے کہ جن کے نام پر اور کام کا ہم کھاتے ہیں اُن کا پیغام کیاہے اور اُس پر عمل نہ کر کے ہمارا انجام کیا ہے۔
معراجِ مصطفی اور اسوی حسنی کو منانے اور عمل کرنے کا بہترین طریقہ تو ایک ہی ہے کہ سب کچھ وہ کیا جاے جس کا حکم اللہ کریم اپنے نبی ﷺ کی ذریعے بتلایا اور سکھلایا اور ہر اس کام سے رکا جاے جس سے اللہ اور اس کی حبیبِ پاک ﷺ نے منع فرمایا۔ ایسا ہو جاے تو پھر ہر سانس بندگی ہے، ہر لمحہ نعت ہے۔
شاعر نے کیا خوب صورت کہا ہے :۔
سجدہ کیا تو نعتِ رسولِ خدا کہی
روزہ رکھا تو نعتِ رسولِ خدا کہی
مالِ حرام چھوڑ کر اکلِ حلال پر
تکیہ کیا تو نعتِ رسولِ خدا کہی
سیکھا جو دل نے شیوہِ تسلیم و آگہی
حق پر تُلا تو نعتِ رسولِ خدا کہی
اہلِ غرض کو اپنی ضرورت کے باوجود
کچھ دے دیا تو نعتِ رسولِ خدا کہی
پروانہ واراسوہِ خلقِ عظیم پر
شیدا ہوا تو نعتِ رسولِ خدا کہی
نکلے جو توڑ تاڑ کے زندانِ آرزو
تقوی کیا تو نعتِ رسولِ خدا کہی
میری نہیں ہے، فقر ہے سلطانِ زندگی
باور ہوا تو نعتِ رسولِ خدا کہی
اللہ کریم سے توفیق کی دعا ہے۔
AKHTAR N JANJUA
http://anjanjua.blogspot.com/
http://www.facebook.com/akhtar.janjua
https://twitter.com/IbneNawaz
janjua17686.wordpress.com
No comments:
Post a Comment