عید الاضحی مبارک ۔۔۔
احباب کو، اقربا کو، اہلِ وفا کو، فلسطین و کشمیر اور دنیا بھر میں کہیں بھی مبتلاءِ بلا کو۔
فریضہِ حج ادا کرنے والے لاکھوں مسلمین و مسلمات کو بھی دلی مبارک اس دعا کے ساتھ کہ اللہ
کریم اُن کے حج کو،عبادات کو، مجاہدات کو، سعیات و حسنات کو قبول فرماے۔
کل خطبہ حج میں فلسطینی مظلوموں کے لیے دعا کی گئی اس مدعا کے ساتھ کہ ہم دو ارب کے قریب مجبور و
مقہورعملآ ان کے لیے کچھ نہیں کر سکتے کیوں کہ اے تمام جہانوں کے خدا، ہمیں تم سے زیادہ اپنے زمینی خداوں کا
خوف ہے اوران کی خوشنودی بھی بہت عزیز ہے۔
س لیے ہماری یہ منافقانہ دعائیں اگر قبول فرمانی ہیں تو
تُو قادر ہے قبول فرما لے ۔۔۔ نہیں تو ہمیں معاف فرما ۔۔۔
کیوں کہ ہم تو مظلوموں کا نام لینے سے بھی قاصر ہیں۔
آج سے ایامِ نحر شروع ہیں۔ سُنت ابراہیم علیہ السلام کی پیروی میں کروڑوں قربانیاں ہوں گی ان ایام میں۔
میں تھوڑا سا الجھن میں ہوں فرق سمجھنے میں کہ “قربانی کرنی چاہیے یا قربانی دینی چاہییے” ۔
تاریخِ عالم بھری ہڑی ہے تسلیم و رضا کی انمٹ داستانوں سے ۔۔۔ لیکن ایمانِ ابراہیم، ایقانِ اسمعیل اور ایثارِ اماں ہاجرہ امر ہیں، ارفع ہیں اور قیامت تک بے مثل رہیں گے۔
قربانی نام ہے رضاے الہی، منشاے خداوندی پر سرِ تسلیم خم کرنے کا ذات سے بلند ہونے کا، شیاطین کو شکست دینے کا، حق پر ڈٹ جانے کا، ۔۔۔
کل ہم لوگ بھی بڑی بڑی قربانیاں کریں گے ۔۔۔ لیکن قربانی دینے والا کوی خال خال ہی ہو گا ۔۔۔ بڑے بڑے لوگ بڑی بڑی قربانیاں کرنے کے ساتھ اگر قربانیاں دینے کا فیصلہ کر لیں ۔۔۔
(ویسے بھی کسی کے پاس کچھ بھی اپنا نہیں، یا عطای ہے، یا لُوٹا ہوا ہے، یا چھینا ہوا ہے، یا ناحق ہے) ۔۔۔
جھوٹی انا کی، تعصباتی نفرتوں کی، فانی طاقتوں کی، پرانی دشمنیوں کی، بیگانی مجبوریوں کی، غلامانہ معذوریوں کی، ابلیسانہ ہوس کی، حریصانہ خواہشات کی، بدمعاشانہ خرافات کی ۔۔۔۔ تو پاکستان پاکیزہ استھان بن جاے۔ فائلر اور نان فائلر (جو کہ ملک کی ایک بڑی اکثریت ہیں ۔۔۔ موے ہوے کو مارے شاہ مدار ۔۔ ۔) ایک صف میں کھڑے ہو جائیں۔
آخر میں ایک حکیم کا حکمت بھرا نعرہ ۔۔۔
بارہوں صدی عیسوی کے مشہور اسلامی مفکر ابوبکر محمد ابنِ طفیل (جن کی کتابیں اور ملفوظات آج بھی مشرق و مغرب میں زیر تحقیق و تشریح ہیں) نے ایک دن انتہای سرشاری سے لوگوں کو پکار کر کہا :
"لوگو آج میں نے وہ راز پا لیا جسے اپنا کر انسانی معاشرہ ہمیشہ کے لئے خوش و خرم رہ سکتا ہے اور وہ ہے”۔
'سب کچھ دوسروں کے لئے'
کیونکہ کائنات کی ہر چیز دوسروں کے لئے ہے ۔۔
درخت اپنا پھل خود نہیں کھاتا۔
دریا اپنا پانی خود نہیں پیتا ۔
بہاریں دوسروں کا دل لبھاتی ہیں۔
برساتیں دوسروں کو سیراب کرتی ہیں ۔
ذات کے چنگل سے باہر نکل لو تو امن ہی امن ، خوشیاں ہی خوشیاں"۔
اللہ کریم “قربانی دینے” کی توفیق عطا فرماے ۔
آمین
بجاہِ سیدنا ابراہیم و اسمعیل و سیدہ ہاجرہ علیما السلام ۔۔
اختر جنجوعہ
No comments:
Post a Comment