انظر حالنا ۔۔۔
اے محبت و پیار کرنے والے اللّٰہ کریم
اے پروردگارِ کائنات
اے عرشِ عظیم کے مالک، خالق و پروردگارِ کائنات
جاننے والے وسوسوں کے، ماننے والے عرضداشتوں کے، سننے والے دعاوں کے ۔۔۔
{أَمَّن يُجِيبُ الْمُضْطَرَّ إِذَا دَعَاهُ وَيَكْشِفُ السُّوءَ
بھلا وہ کون ہے جو مضطر کی فریاد کو سنتا ہے جب وہ اس کو آواز دیتا ہے }
واسطہ ہے تجھے تیری بےکراں عزت کا، لا منتہی قوت کا، رحمانیت کا، رحیمی کا، کریمی کا، نور کا، قدیمی کا ۔۔۔
اپنی پناہ میں لے لے ہمیں ۔ ۔ ۔ ۔
شیطان مردود کے شر سے
ہمارے اپنے نفوس کے ضرر سے
ہماری خام خواہشات کے اثر سے
دنیا کے بہکاوے سے
آخرت کے ڈراوے سے
ظالم کے ظلم سے
بدکردار کے ستم سے
خائن کی خیانت سے
جھوٹے اور بد دیانت سے
رہنماوں کی بے راہ روی سے
شعبدہ بازوں کی بازی گری سے
حقیقت کے مفروروں سے
طاقت کے نشے میں چُور مغروروں سے
انسانیت و اخلاق کے قاتلوں سے
سچ کے دشمن شیطانی قافلوں سے
پاکستان کو تاخت و تاراج کرنے والے، وقارِ وطن کا سودا کرنے والے عفریتوں سے ۔ ۔ ۔
جس گھر میں پھلے پھولے اسے ہی لوٹنے والے پلیدوں سے ۔۔۔
اے فریاد رس ھماری فریاد کو سُن ۔ ۔ ۔
نیست و نابُود کر دے سب وطن دشمن، انسانیت کُش، اخلاق باختہ، ہوس گرفتہ، ابلیسی گماشتوں کو ۔۔۔
اسلام کے نام پر بننے والے وطن اوراسکی ‘اسلامی’ درسگاہوں کو ناپاک و بے توقیر کرنے والے یزیدوں کو ۔۔۔
تقدس کی تخریب، حرمت کی تحقیر، شعائر کی توہین کرنے والے ابلیسوں کو ۔۔۔
فرما دے کُن۔ ۔ ۔
آمین بجاہِ وجہِ تخلیقِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم ۔ ۔ ۔
یا کافی المہمات، حل المشکلات، دافع البلیات، یا مجیب الدعوات، یا الرحم الراحمین۔ ۔ ۔
Akhtar N Janjua
http://anjanjua.blogspot.com
https://twitter.com/IbneNawaz