یارو یہ دور ضعفِ بصارت کا دور ہے ۔ ۔ ۔
سلام اور دعائیں ۔ ۔ ۔
دوستو عجب صورتِ حال ہے ۔ ۔ انہونیاں۔کہہ مکرنیاں۔لب کھولنا ہے منع۔انھے، ڈورے تے بے حس تھی ونجو۔سیس نواو۔برف ہو جاو۔
خود کو فریب دو کہ نہ ہو تلخ زندگی
ہر سنگ دل کو جانِ وفا کہہ لیا کرو
گر چاہتے ہو خوش رہیں کچھ بندگانِ خاص
جتنے صنم ہیں ان کو خدا کہہ لیا کرو
یارو یہ دور ضعف بصارت کا دور ہے
آندھی اٹھے تو اس کو گھٹا کہہ لیا کرو
اپنے لیے اب ایک ہی راہِ نجات ہے
ہر ظلم کو رضاے خدا کہہ لیا کرو
تراسی سال کا جنگ آزمودہ بزرگ، پہلے جسے بولنے کی ترغیب دی گئی اور جب اسے منہ لگ گئی تو لب سینے کی توقع کہ سچ بولنا ہے منع۔ ۔ورنہ بے شک کہتے رہنا کہ ہاں میں نے کہا اور سچ کہا لیکن جسمانی ریمانڈ بھی ہو گا
اور الزام کا بھونڈا پن اور الناس کی تُھوتُھو، ٹھنیگے پہ ۔ ۔
بزرگ کا خمیر، ضمیر اور بڑپن دیکھیے کہ چہرے پر پھر بھی (درد بھری ہی سہی) مسکراہٹ، زبان پر شکوہ نہیں،
بلکہ اصرار کہ اگر اظہارِ راے جرم ہے تو میں سرذدگی کا کرتا ہوں اقرار۔
ضروری ہے ہم سب کے لیے کہ جب کسی حماقت، پھوہڑ پنی اور کمینگی کو دیکھیں تو پریشان ہونے کے بجاے حیران ہوں کہ ابھی اور کتنا ہمارے مشاہدے میں اضافہ ہونا ہے۔ تقدیر نہیں جاہلانہ بے تدبیری نے ابھی اور کیا کیا دکھانا ہے۔
کہتے ہیں کہ ایک فرمان ہے جس کا مفہوم ہے، "جس نے میری امت کے بوڑھے کو اذیت پہنچای اس نے مجھے اذیت پہچای"۔ لیکن کیا کیجئے ہوس کا اور نفسِ خانہ خراب کا۔ ۔ ۔ کہیں پڑھا ہے آپ بھی پڑھیئے کہ:۔
شیخ ابوالعباس عشقانی ایک روز گھر میں داخل ہوئے، دیکھا ایک زرد کتا ان کے گھر میں سو رہا تھا۔انھوں نےخیال کیا کہ شاید محلہ کا کوئی کتا اندر گھس آیا۔ اسے نکالنے کا ارادہ کیا مگر وہ ان کے دامن میں غائب ہوگیا۔
زرد کتا کیا ہے؟ فرمایا، زرد کتا تیرا نفس ہے۔ پوچھا شیخ نفس کیاہے؟ فرمایا،نفس طمعِ دنیا ہے۔ سوال کیا، یا شیخ طمعِ دنیا کیا ہے؟ فرمایا، طمعِ دنیا پستی ہے۔ استفسار کیا، یا شیخ پستی کیا ہے؟
فرمایا، پستی علم کا فقدان ہے۔
(دورانِ سفر سورہ یوسف کی تلاوت ترجمے کے ساتھ سنی۔ اللہ کریم نے انسانی فطرت کی مختلف جہتوں کا کیا جامع اور بلیغ ذکر فرمایاہے ۔ اس کی پستیاں، ہوسناکیاں، ہولناکیاں، بے تدبیریاں،نفرتیں، حسد، رقابتیں اور انجام سے بے خبریاں ایک طرف اور دوسری طرف اس کی عظمتیں، رفعتیں، شکر، توکل، رضاعت، صبر، توبہ، گناہوں سے اجتناب، محبت، عقیدت، تصرف اور پھر یہ نکتہِ لطیف کہ ہوتا صرف وہی ہے جسے وہ پروردگا چاہے۔ آپ بھی ضرور سنیے اور غور فرمایئے۔ بہت سارے عقدے وا ہو جائیں گے انشاءاللہ)۔
سدا سلامت پاکستان ۔ تا قیامت پاکستان
Akhtar N Janjua
http://anjanjua.blogspot.com
https://twitter.com/IbneNawaz